لندن (سہ پہر) برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل سے سینئر صحافی رانا عمران لطیف اور پاکستان اوورسیز کلب یو کے کے چیئرمین فیصل خواجہ کی ملاقات ، میڈیا کی ترقی اور تارکین وطن کے مسائل پر گفتگو
برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل سے سینئر صحافی رانا عمران لطیف اور پاکستان اوورسیز کلب یو کے کے چیئرمین فیصل خواجہ نے پیر کے روز ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان ہائی کمیشن کے پریس منسٹر علی نواز ملک بھی شریک تھے۔ اس دوران میڈیا کے بدلتے ہوئے رجحانات اور ان کے عالمی اثرات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
شرکاء نے پاکستان کی بین الاقوامی ساکھ کو بہتر بنانے میں ذمہ دارانہ میڈیا رپورٹنگ کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ اجلاس میں برطانیہ میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کو درپیش مسائل بھی زیر بحث آئے۔ ان مسائل کے حل کے لیے حکمت عملی اور تجاویز پر غور کیا گیا، خاص طور پر تارکین وطن اور ان کے آبائی وطن کے درمیان مضبوط تعلقات قائم کرنے پر زور دیا گیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر محمد فیصل نے رانا عمران لطیف کو “ٹائمز نیوز پبلیکیشنز” کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بننے اور “ٹائمز نیوز ٹیلی ویژن” کے جلد شروع ہونے والے عالمی نیوز اور انٹرٹینمنٹ چینل کی لانچنگ پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ چینل پاکستان کا نرم امیج عالمی برادری کے سامنے پیش کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
رانا عمران لطیف نے اس چینل کے ثقافتی اور معلوماتی خلا کو پُر کرنے کی صلاحیت پر روشنی ڈالی اور اسے پاکستان کی اقدار اور کامیابیوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ قرار دیا۔ ہائی کمشنر نے میڈیا پروفیشنلز اور تارکین وطن کے رہنماؤں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ “ٹائمز نیوز ٹیلی ویژن” کی لانچنگ پاکستان کے بین الاقوامی بیانیے کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی